بھٹکل:24/ جنوری (ایس اؤنیوز)مرڈیشور کے آر این ایس ریسڈینسی میں ریزرو بینک آف انڈیا بنگلورو شاخ کے شعبہ بیرونی زرمبادلہ کے زیراہتمام اور سنڈیکیٹ بینک مرڈیشور اور آر این شٹی پالی ٹکنک مرڈیشور کے اشتراک سے ڈپلومااور بی کام فائنل طلبا کے لئے بیرونی زرمبادلہ کے عنوان پر ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔
ریزرو بینک بنگلورو شاخ کے ریجنل ڈائرکٹر یوجن ای کارتک نے ورکشاپ کا افتتاح کرنےکے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دنوں میں بیرونی زرمبادلہ کے نام پر لاٹری اور دیگر ترغیبات کے ذریعے عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی جارہی ہے، تعلیم یافتہ بھی اس لالچ میں ملوث ہونے پر افسوس جتاتے ہوئے بیرونی زرمبادلہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگرکیا۔ اس موقع پر سنڈیکیٹ بینک کی ریجنل مینجر شریمتی شئیلا اور آر این ایس تعلیمی اداروں کے ڈائرکٹر ایم وی ہیگڈے بحیثیت مہمان خصوصی موجود تھے۔ ریزرو بینک بنگلورو کے اسسٹنٹ جنرل مینجر سدیپ نے پروگرام کی صدارت کی۔ ممبئی ریزرو بینک کے اسسٹنٹ جنرل مینجر کملیش شرما ورکشاپ میں شریک تھے۔
ورکشاپ میں کملیش شرما نے فارین ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ(فیما) اور شریمتی ریشمی مینن نے فارین ڈائرکٹ انوسٹمنٹ کے موضوعات پر اظہار ِ خیال کیا۔ سلویسٹر ڈیسوزا نے بیرونی زرمبادلہ کی سہولیات اور دیویندر بی نے درآمد اور رفت کے متعلق پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کیا۔ آخر طلبا کے سوالات کے اطمینان بخش جوابات دئیے گئے۔ پالی ٹکنک کی طالبات کی پرارتھنا سے پروگرام کی شروعات ہوئی ، دیویندر نے شکریہ اداکیا۔ رشمی نے نظامت کی۔ ورکشاپ میں قریب 300طلبا و طالبات شریک تھے۔